امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دو ماہ کے لیے ملک میں امیگریشن پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
منگل کو وائٹ ہاوس میں کورونا وائرس کے حوالے سے تشکیل ٹاسک فورس کی روزانہ کی بنیاد پر دی جانے والی بریفنگ کے دوران امریکی صدر کا کہنا تھا کہ بےروز گار امریکیوں کے تحفظ کے لیے 60 روز کے لیے امیگریشن پر پابندی عائد ہو گی۔
صدر ٹرمپ کے مطابق 'اس پابندی کا اطلاق صرف ان افراد پر ہوگا جو امریکہ میں مستقل سکونت اختیار کرنے کے خواہش مند ہیں اور ان پر اس کا اطلاق نہیں ہو گا جو عارضی طور پر ملک میں داخل ہو رہے ہیں۔'
ناقدین کے مطابق امریکی حکومت اس عالمی وبا کو امیگریشن روکنے کے لیے استعمال کر رہی ہے۔
ٹرمپ نے کیا کہا؟
امریکی صدر ٹرمپ نے ملک میں 60 روز کے لیے گرین کارڈ کو معطل کرنے پر وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں پہلے امریکی مزدور کا تحفظ عزیز ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 'جیسا کہ ہم جانتے ہیں کہ کورونا وائرس کے خلاف لڑتے ہوئے لاکھوں امریکی بے روز گار ہو گئے ہیں۔' اور یہ حکومت کی 'اولین ذمہ داری' ہے کہ وہ یقینی بنائے کہ شہری اپنے نوکریاں دوبارہ حاصل کر سکیں۔
انھوں نے کہا کہ 'یہ امریکی شہریوں کے ساتھ ناانصافی ہو گی کہ کورونا وائرس کے باعث ان کو نوکریوں سے نکال دیا جائے اور بعد میں ان کی جگہ بیرون ممالک سے آنے والے تارکین وطن کو نوکریاں دی جائیں۔'
No comments:
Post a Comment